اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹول ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، سیاحت کے ذریعے 40 ارب ڈالر سالانہ تک حاصل کئے جاسکتے ہیں، پاکستان ایک مہمان نواز اور پرکشش مقامات رکھنے والا ملک ہے ، حکومت ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تمام دستیاب وسائل …
پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹول ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، سردار یاسر الیاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹول ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، سیاحت کے ذریعے 40 ارب ڈالر سالانہ تک حاصل کئے جاسکتے ہیں، پاکستان ایک مہمان نواز اور پرکشش مقامات رکھنے والا ملک ہے ، حکومت ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹول کے انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول (کل )ہفتہ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ دو روزہ فیسٹول کے مقابلے ایف نائن پارک اور اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹول کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا،سیاحت کا فروغ اور عوام کو سیاحتی مقامات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹول میں فیملیز کے لئے انٹری مکمل طور پر مفت ہے۔
یہ ایک قومی سطح کا میگا ایونٹ ہے جس کا مقصدپاکستان کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا،کھیلوں اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا،اسلام آباد کو ایک متحرک سیاحتی مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے،یہ ایونٹ خصوصی طور پر فیملیز اور خواتین کے لئے منعقد کیا جا رہا ہےتاکہ ایک محفوظ، خوشگوار اور باوقار ماحول میں تفریح اور ثقافت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ بغیر کسی ٹکٹ کےفیملیز کے ساتھ اس شاندار فیسٹول کا لطف اٹھائیں۔
سردار یاسر الیاس نے کہا کہ ایونٹ میں روایتی و ثقافتی کھیلوں خصوصاً ٹینٹ پیگنگ، مختلف سپورٹس سرگرمیوں، کار اور بائیک شو، ثقافتی مظاہروں، علاقائی کھانوں کے سٹالز، موسیقی اور دیگر تفریحی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے،فیسٹیول کے دوران کار شو، موٹر بائیک شو، پیرا گلائیڈنگ، نیزہ بازی اور فیملیز کے لئے متعدد دیگر ایونٹس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مشہور روایتی کھیل نیزہ بازی کے مقابلے میں ملک بھر سے 50سے زائد ٹیمیں شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے شائقین کے لئے خصوصی کشش کا باعث ہوں گے اور پاکستان کے روایتی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ کھیل، ثقافت اور تفریح سے بھرپور اس قومی فیسٹول کا حصہ بن سکیں۔ سردار یاسر الیاس نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج ابھرے گا اور پوری دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ ہم ایک پر امن ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے لیے وفاقی حکومت ، بین الصوبائی وزارت ، ٹورازم کارپوریشن ، سی ڈی اے اور دیگر ادارے مل کر کام کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے میگا ایونٹس پورے پاکستان میں آرگنائز کئے جائیں تاکہ لوگوں کو معیاری تفریح میسر آسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے لئے ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے تاکہ عوام کو زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ فیسٹول کے بارے میں بات کرتے ہوئے، بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے سیکرٹری محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹول 2026 ملکی سیاحت، ثقافتی ہم آہنگی اور صحت مند تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ فیسٹول سیاحت، کھیل اور ثقافت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے اور اسلام آباد کو سیاحوں کے لیے ایک خوش آئند اور متحرک مقام کے طور پر اجاگر کرتا ہے۔ اس میگا نیشنل ایونٹ کا انعقاد بین الصوبائی رابطہ کی وزارت، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، صوبائی محکمہ سیاحت اور اہم سرکاری و نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ یہ فیسٹول 31 جنوری اور یکم فروری 2026 کو جناح سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کا ایک اہم سائیڈ ایونٹ ایف ۔ 9 پارک میں ہوگا۔
فیسٹول میں سیاحت کے فروغ کے سٹالز، صوبائی ثقافتی پرفارمنس، ثقافتی نمائش، آرٹ اینڈ کرافٹ سٹالز، لائیو پینٹنگ، فوٹو گرافی کی نمائش، جواہرات اور زیورات کی نمائش، علاقائی کھانوں پر مشتمل فوڈ فیسٹول، فیملی اور بچوں کی سرگرمیاں، میڈیکل ٹورازم پروموشن کے ذریعے ڈبل سائیکلنگ، بس سائکلنگ ایونٹس شامل ہیں۔ گرم ہوا کے غبارے کا ڈسپلے، پیرا گلائیڈنگ کے مظاہرے (مونال سے اڑتے ہوئے گلائیڈرز جو ایف ۔6 کرکٹ گراؤنڈ پر اتریں گے) اور ایک میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ایک خصوصی سائیڈ ایونٹ، 31 جنوری 2026 کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ایف نائن پارک میں ٹینٹ پیگنگ مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔








