اسرائیل کا یکم فروری کو دونوں طرف سے رفح کراسنگ کھولنے کا اعلان

تل ا بیب ۔31جنوری (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ رفح کراسنگ کو آئندہ اتوار یکم فروری کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ العربیہ کےمطابق اس نے ایک بیان میں مزید کہا کہ آپریشن جزوی طور پر اور دونوں طرف سے ہوگا جو صرف لوگوں کی محدود نقل و حرکت کے لیے ہوگا اور یہ جنگ بندی کے معاہدے اور سیاسی سطح کی ہدایات کے مطابق …

تل ا بیب ۔31جنوری (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ رفح کراسنگ کو آئندہ اتوار یکم فروری کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ العربیہ کےمطابق اس نے ایک بیان میں مزید کہا کہ آپریشن جزوی طور پر اور دونوں طرف سے ہوگا جو صرف لوگوں کی محدود نقل و حرکت کے لیے ہوگا اور یہ جنگ بندی کے معاہدے اور سیاسی سطح کی ہدایات کے مطابق ہوگا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ مصر کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے رہائشیوں کو رفح کراسنگ سے نکلنے اور داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اسرائیل کی طرف سے رہائشیوں کے لیے پیشگی سکورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کے بعد اور یورپی یونین کے مشن کی نگرانی میں آمد و رفت ہوگی ۔

بالکل اسی طریقہ کار کی طرح جو جنوری 2025 میں لاگو کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ مصر سے غزہ کی پٹی میں رہائشیوں کی واپسی صرف مصری ہم آہنگی کے ساتھ ان لوگوں کے لیے ممکن ہوگی جنہوں نے جنگ کے دوران غزہ چھوڑا تھا اور یہ بھی اسرائیل سے پہلے سے سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کے بعد ہوگا۔ مزید برآں رفح کراسنگ پر شناخت اور ابتدائی جانچ کے طریقہ کار یورپی یونین کے مشن کی جانب سے انجام دیے جائیں گے۔

اس راہداری پر اضافی جانچ اور شناخت کا عمل اسرائیلی فوج کے کنٹرول والے علاقے میں سکیورٹی سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔یہ پیش رفت حماس کی جانب سے جمعہ کو غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے ثالثوں سے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے مطالبے کے بعد سامنے آئی ہے تاکہ مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کو کھولا جائے۔ رفح کراسنگ پٹی کے رہائشیوں کے لیے بیرونی دنیا کا واحد راستہ ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ جارحیت کو روکنے کے لیے سنجیدہ دباؤ اور فوری طور پر دوسرے مرحلے کی طرف منتقلی کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس مرحلے میں رفح کراسنگ کو دونوں طرف سے کھولنا اور تباہ شدہ غزہ کی پٹی میں نیشنل کمیٹی کو کام کرنے کے قابل بنانا شامل ہے۔

مزید خبریں