اقوامِ متحدہ کا اسرائیلی فضائی کیمیائی اخراج پر اظہارِ تشویش، لبنان میں امن مشن متاثر

اقوام متحدہ ۔3فروری (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے عبوری امن مشن برائے لبنان (یواین آئی ایف آئی ایل ) نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے سرحدی علاقے کے قریب کیمیائی مادہ چھوڑے جانے کے باعث اس کی امن قائم رکھنے کی کارروائیاں شدید طور پر متاثر ہوئیں، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شنہوا کے مطابق یواین آئی ایف آئی ایل نے کہاکہ …

اقوام متحدہ ۔3فروری (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے عبوری امن مشن برائے لبنان (یواین آئی ایف آئی ایل ) نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے سرحدی علاقے کے قریب کیمیائی مادہ چھوڑے جانے کے باعث اس کی امن قائم رکھنے کی کارروائیاں شدید طور پر متاثر ہوئیں، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

شنہوا کے مطابق یواین آئی ایف آئی ایل نے کہاکہ اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح پیشگی اطلاع دی تھی کہ وہ مذکورہ مادہ فضا میں خارج کرے گی۔ اگرچہ اسرائیل نے اس مادے کو غیر زہریلا قرار دیا اور امن اہلکاروں کو عمارتوں کے اندر رہنے کی ہدایت کی، تاہم اس اقدام کے نتیجے میں یونیفل کو ایک درجن سے زائد سرگرمیاں منسوخ کرنا پڑیں۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان غیر سرکاری سرحد، جسے "بلو لائن” کہا جاتا ہے، کے تقریباً ایک تہائی حصے میں کارروائیاں نو گھنٹے سے زائد وقت تک معطل رہیں۔

یواین آئی ایف آئی ایل نے اس اقدام کو "ناقابلِ قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مشن کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور امن اہلکاروں و عام شہریوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ امن دستوں نے لبنانی حکام کے ساتھ مل کر مادے کے نمونے جمع کیے تاکہ اس کی زہریلا پن جانچا جا سکے۔اقوامِ متحدہ نے اس واقعے کے مقامی زرعی زمینوں پر ممکنہ طویل المدتی اثرات اور بے گھر افراد کی واپسی میں حائل رکاوٹوں پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔

یواین آئی ایف آئی ایل نے یاد دلایا کہ اسرائیلی فضائی پروازیں ماضی میں بھی تنازع کا باعث رہی ہیں اور ایسی سرگرمیاں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ قرارداد 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک ماہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے منظور کی گئی تھی، جس کے تحت جنوبی لبنان کو غیر عسکری علاقہ قرار دیا گیا تھا۔مشن نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔

مزید خبریں