پاکستان کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد میں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ 5 فروری کا دن پاکستانی قوم کے دلوں میں بسنے والی اس لازوال وابستگی کی علامت ہے جو کشمیری عوام کے ساتھ رشتہ اخوت، ہمدردی اور غیر متزلزل حمایت کی صورت میں ہمیشہ قائم رہی ہے، یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد میں کبھی تنہا …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ 5 فروری کا دن پاکستانی قوم کے دلوں میں بسنے والی اس لازوال وابستگی کی علامت ہے جو کشمیری عوام کے ساتھ رشتہ اخوت، ہمدردی اور غیر متزلزل حمایت کی صورت میں ہمیشہ قائم رہی ہے، یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد میں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، عزت اور حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی گرفتاریاں، آبادی کا تناسب بدلنے کی کوششیں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں، اس کے باوجود عالمی برادری کی خاموشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ ایوان بالا کشمیری عوام کی آواز بن کر ہر فورم پر ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا، پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی روشنی میں جائز سمجھتا ہے۔ ہم عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر دراصل پاکستانی عوام کے اس اجتماعی شعور اور قومی غیرت کا مظہر ہے جو ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے، قدرتی آفات ہوں یا انسانی بحران، پاکستان کے عوام، حکومت اور افواج پاکستان نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اندر سیاسی اختلافات کبھی آڑے نہیں آئے، یہ وہ قومی مسئلہ ہے جس پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، افواج اور عوام ایک آواز ہیں، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

سیدال خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت سفارتی، سیاسی اور اخلاقی محاذ پر پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر کے عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کا دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

 

مزید خبریں