اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی قیادت میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے آلو کی قیمتوں میں شدید کمی کے مسئلہ سے نمٹنے، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی منڈی میں استحکام لانے کے لئے بروقت اور مربوط اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔آلو کی قیمتوں میں تیز رفتار کمی کی بنیادی وجہ افغانستان کی سرحد کی بندش …
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے آلو کی قیمتوں میں شدید کمی کے مسئلہ سے نمٹنے ، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی منڈی میں استحکام لانے کیلئے بروقت اور مربوط اقدامات شروع کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی قیادت میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے آلو کی قیمتوں میں شدید کمی کے مسئلہ سے نمٹنے، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی منڈی میں استحکام لانے کے لئے بروقت اور مربوط اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔آلو کی قیمتوں میں تیز رفتار کمی کی بنیادی وجہ افغانستان کی سرحد کی بندش ہے جو روایتی طور پر پاکستانی آلو کی ایک بڑی برآمدی منڈی رہی ہے، برآمدات میں تعطل کے باعث ملکی منڈی میں اضافی رسد پیدا ہو گئی جس سے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کو نقصان پہنچا۔
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لئے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ تجارت کے اشتراک سے متبادل برآمدی منڈیوں اور تجارتی راستوں کی تلاش میں سرگرم ہے تاکہ پاکستانی آلو کی برآمدات کا تسلسل اور منڈی تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کی سہولت کے لئے وزارت نے آگاہ کیا ہے کہ فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹ کے اجرا ء کے لئے چالان فیس صرف 2,500 روپے ہے۔
مزید برآں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے وزارتِ تجارت کو ہدایت کی ہے کہ آلو کی برآمدات میں تیزی اور سہولت کے لئے غیر ملکی درآمدکنندگان کی نشاندہی کی جائے۔ وزارت نے پاکستانی آلو کے لئے 36 ممالک کو ممکنہ برآمدی منڈیوں کے طور پر شناخت کیا ہے اور ان کی فہرست برآمدکنندگان کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کسانوں کے تحفظ، زرعی برآمدات کے فروغ اور منڈیوں میں تنوع کے ذریعے پائیدار حل کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر بین الوزارتی ہم آہنگی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق زرعی ترقی کے فروغ اور برآمدی کارکردگی میں بہتری کے لئے تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں ہے۔








