پاکستانی عازمین حج 8 فروری تک ’سعودی ویزہ بائیو‘ ایپ پر بائیو میٹرک پراسیس مکمل لریں، دشواری کی صورت میں 6 تاشیر سینٹرز فعال

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ ویزہ پراسیسنگ کے لیے بائیو میٹرک کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کریں،عازمین حج اپنے متعلقہ بینکوں کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔ وہ عازمین جنہیں جدید ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات (فنگر پرنٹس)کی تصدیق میں دشواری …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ ویزہ پراسیسنگ کے لیے بائیو میٹرک کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کریں،عازمین حج اپنے متعلقہ بینکوں کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔ وہ عازمین جنہیں جدید ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات (فنگر پرنٹس)کی تصدیق میں دشواری کا سامنا ہے، ان کی سہولت کے لیے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کر دیئے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کی پہلی ترجیح ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ ایپ ہی ہونی چاہیے۔ موبائل پلے سٹور سے یہ ایپ باآسانی ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔ اس ایپ پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد پاسپورٹ سکین ،اپنی سیلفی، پھر دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس لیں، اس کے ساتھ ہی کنفرمیشن ایک میل موصول ہوگی جسے عازمین حج باقی پراسیس کے لئے اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ اگر عازمین کو خود ایپ استعمال کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے تو وہ اپنی متعلقہ بینک برانچ سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر حج ویزہ لگنا ممکن نہیں ہوگا۔ایپ کے ذریعے تصدیق نہ ہونے کی صورت میں عازمین حج ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد میں تیسری منزل، عوامی ٹریڈ سینٹر، جی نائن (G-9) مرکز، لاہور میں دی انٹرپرائز بلڈنگ، 1 کلومیٹر ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، کراچی میں بلاک اے، گرائونڈ فلور، ایف ٹی سی بلڈنگ، شاہراہ فیصل، پشاور میں تیسری منزل، الحاج ٹاور، مین یونیورسٹی روڈ، ملتان میں دوسری منزل، کرسٹل مال، نزد عثمان آباد کالونی، بوسن روڈ، کوئٹہ میں میمار پلازہ، خوجک روڈ، کوئٹہ کینٹ میں تاشیر سینٹرقائم کیے گئے ہیں۔

وزارت نے عازمین کی آسانی کے لیے تاشیر سینٹرز کے اوقات کار پیر تا جمعہ، دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے ہیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے 8 فروری کی ڈیڈ لائن سے قبل اپنے قریبی سینٹر پہنچ کر عمل مکمل کریں۔ مزید تفصیلات اور لوکیشن کے لیے ’’پاک حج 2026‘‘ موبائل ایپ سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں