صحت عامہ، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں ادویہ سازی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی فارما بیورو کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ صحت عامہ، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں ادویہ سازی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں فارما بیورو کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں ادویہ سازی کے شعبے سے متعلق اہم پالیسی، ضابطہ جاتی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت فارما …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ صحت عامہ، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں ادویہ سازی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں فارما بیورو کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں ادویہ سازی کے شعبے سے متعلق اہم پالیسی، ضابطہ جاتی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت فارما بیورو کے چیئرمین سید انیس احمد نے کی جبکہ وفد میں ارم شاکر رحیم، شریک چیئر فارما بیورو، قوی ناصر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلیون پاکستان لمیٹڈ، حفصہ شمسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر روش پاکستان، سجاد افتخار، عندلیب احمد، اور عائشہ ٹی حق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فارما بیورو شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران فارما بیورو کے وفد نے شعبے کی کارکردگی کا مجموعی جائزہ پیش کیا اور بعض پیش رفتوں کا ذکر کیا جن میں ضابطہ جاتی عمل میں بہتری، ڈیجیٹلائزیشن میں اضافہ اور ریگولیٹرز اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کا فروغ شامل ہے۔ ادویہ کے ریگولیٹر کے عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطح کی حد کی جانب پیش رفت نیز مصنوعات کی منظوری، برآمدات اور وسیع تر معاشی ماحول سے متعلق امور کا بھی حوالہ دیا گیا۔وفد نے صنعت کے آپریشنز سے متعلق مختلف امور پر بھی اپنی آراء پیش کیں جن میں قیمتوں اور دستیابی، ضابطہ جاتی طریقہ کار، سرمایہ کاری کی سہولت کاری، ٹیکس نظام، جدت طرازی اور برآمدی استعداد سے متعلق معاملات شامل تھے۔ پالیسی میں تسلسل، موثر طرز حکمرانی، مریضوں کے مفاد کے تحفظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ریگولیٹری صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے صحت عامہ، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں ادویہ سازی کے شعبے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے شرکا کو حکومت کے وسیع تر معاشی اصلاحات کے ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں معاشی استحکام، ٹیکس نظام کی معقولیت، دستاویزی معیشت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں نمو کی حوصلہ افزائی کے اقدامات شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کا متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ مشاورت سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے قومی ترجیحات اور مالیاتی استحکام کے دائرے میں رہتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے اور سہولت کاری کی حکومتی وابستگی کا اعادہ کیا۔فریقین نے چیلنجز کے حل اور ادویہ سازی کے شعبے کی مسلسل ترقی، جدت اور معیشت میں اس کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بات چیت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔

 

مزید خبریں