برآمدات پر مبنی ترقی ہی پاکستان کی طویل المدتی خوشحالی اور خودانحصاری کا پائیدار راستہ ہے، رانا احسان افضل خان

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے بدھ کو گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ جی بی سی ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممتاز کاروباری رہنمائوں، برآمد کنندگان، صنعتکاروں، سفارت کاروں، سرکاری افسران اور اہم شراکت داروں کو پاکستان کے صنعتی شعبے، برآمدی کارکردگی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے بدھ کو گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ جی بی سی ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممتاز کاروباری رہنمائوں، برآمد کنندگان، صنعتکاروں، سفارت کاروں، سرکاری افسران اور اہم شراکت داروں کو پاکستان کے صنعتی شعبے، برآمدی کارکردگی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر معاشی شراکت داریوں کے فروغ میں نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔ اپنے خطاب میں رانا احسان افضل خان نے پاکستان کی کاروباری برادری کی غیر معمولی استقامت، جدت، آپریشنل کارکردگی اور حب الوطنی پر مبنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سپلائی چین میں رکاوٹوں اور داخلی چیلنجز کے باوجود، کاروباری طبقے نے صنعتی پیداوار کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اس میں اضافہ بھی کیا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر، معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع میں نمایاں بہتری آئی۔انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی ہی پاکستان کی طویل المدتی خوشحالی اور خودانحصاری کا واحد پائیدار راستہ ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت، صوبائی اداروں، علاقائی کاروباری تنظیموں اور صنعت کے درمیان قریبی تعاون کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پیداوار میں اضافہ، روزگار کے مواقع ، غربت میں کمی، ویلیو چینز کا استحکام اور ’’میڈ ان پاکستان‘‘ برانڈ کی عالمی ساکھ کو بلند کیا جا سکے۔

رانا احسان افضل نے صنعتی شعبے کی بھرپور معاونت کے لیے وفاقی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جس میں جامع پالیسی اصلاحات، جدید انفراسٹرکچر کی ترقی، منصفانہ وسائل کی تقسیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے ہدفی مراعات، سستی مالی سہولتوں تک بہتر رسائی، ہنرمندی میں اضافے کے پروگرامز اور عالمی منڈیوں میں برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے سٹریٹجک اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے بالخصوص گوجرانوالہ جیسے متحرک صنعتی مراکز کے کردار کو جامع قومی ترقی اور علاقائی معاشی انضمام کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔جی بی سی ایکسی لینس ایوارڈز 2026 میں تجارت، جدت، پائیداری اور سرحد پار تعاون میں شاندار کارکردگی کو سراہا گیا جو نوجوانوں، کاروباری افراد اور علاقائی شراکت داروں کے لیے ایک مضبوط محرک ثابت ہوا۔ رانا احسان افضل خان کی شرکت نے عوامی و نجی شراکت داریوں کے ذریعے جامع، منصفانہ اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کے واضح عزم کو اجاگر کیا۔

مزید خبریں