ابوظہبی ۔4فروری (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکرٹری جنرل جج محمد عبدالسلام نے ملاقات کی اور انسانی اخوت، ہمدردی، بقائے باہمی اور مکالمے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابوظہبی میں خاتونِ اول کی مصروفیات کے دوران جج محمد عبدالسلام نےانہیں زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے …
خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکرٹری جنرل جج محمد عبدالسلام کی ملاقات

مزید خبریں
ابوظہبی ۔4فروری (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکرٹری جنرل جج محمد عبدالسلام نے ملاقات کی اور انسانی اخوت، ہمدردی، بقائے باہمی اور مکالمے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابوظہبی میں خاتونِ اول کی مصروفیات کے دوران جج محمد عبدالسلام نےانہیں زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے وژن، دائرۂ کار اور اس کے خودمختار کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایوارڈ عالمی سطح پر اُن اقدامات کو تسلیم کرتا ہے جو مختلف معاشروں میں امن، رواداری اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتے ہیں۔
خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے انسانی اخوت کو عالمی انسانی ہمدردی کے بیانیے کا بنیادی ستون بنانے میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کو دنیا بھر میں جامع اور اقدار پر مبنی روابط کے فروغ کے لیے ایک معتبر اور موثر پلیٹ فارم قرار دیا ۔ انہوں نے اس موقع پر سماجی انصاف، بین المذاہب ہم آہنگی اور جامع ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے بالخصوص خواتین کو باختیار بنانے، کمیونٹی کی سطح پر فلاحی اقدامات اور کمزور طبقات کی بہتری کے لیے عوام دوست سماجی تحفظ کے نظام کو اہم قرار دیا۔ اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور عوام کے درمیان یکجہتی کے فروغ کے لیے جاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔








