ریاض ۔5فروری (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے دورہ ریاض اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے اختتام پر، دونوں شخصیات نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے اور کوششوں کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے …
سعودی عرب اور ترکیہ کا غزہ سے اسرائیلی انخلا اور یمن اور سوڈان کی ملکی وحدت پر زور

مزید خبریں
ریاض ۔5فروری (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے دورہ ریاض اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے اختتام پر، دونوں شخصیات نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے اور کوششوں کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں جاری تنازعات، تناؤ اور ان کے پھیلاؤ کے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا۔دونوں ممالک نے مشترکہ تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی استحکام، امن اور خوش حالی کو یقینی بنانے کے لیے علاقائی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید برآں فریقین نے غزہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں جاری امن کوششوں کی حمایت کے لیے "امن کونسل” میں دونوں ممالک کی شمولیت اور غزہ کی پٹی کے امور چلانے کے لیے آزاد قومی کمیٹی کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔
یمنی معاملے پر دونوں ممالک نے یمنی شرعی حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا اور یمن کی خود مختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یمن کی تقسیم کی کسی بھی کوشش اور اندرونی طور پر بد امنی اور عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کی حمایت کی مخالفت پر زور دیا۔








