خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر کشمیری خواتین اور نوجوانوں کی استقامت کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر کشمیری خواتین اور نوجوانوں کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق اپنے پیغام …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر کشمیری خواتین اور نوجوانوں کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق اپنے پیغام میں خاتونِ اوّل نے کشمیری خواتین کی تکالیف اور حوصلے کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بنیادی انسانی حقوق کے خلاف قابض افواج کی جنگ میں صفِ اوّل پر ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ کی اجتماعی قبریں ایک وسیع تر اور بھیانک حقیقت کا محض ایک پہلو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری پوری برادریوں پر مسلط کی گئی خاموشی، منظم تشدد اور مقبوضہ وادی کی خواتین کے خلاف وحشیانہ حملوں کے ذریعے نافذ کی جارہی ہے۔ اس کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین دنیا کے ایک متنازعہ خطے میں جاری طویل ترین اور بے رحم نوآبادیاتی تسلط کے خلاف مزاحمت میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ڈٹی ہوئی ہیں۔ خاتونِ اوّل نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بالخصوص خواتین اور بچوں پر ان کے اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں خواتین کو دھمکیوں اور نقصانات کا سامنا ہے، وہیں بچے طویل مشکلات کے سائے میں پرورش پارہے ہیں جو ان کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کررہی ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے تحریکِ آزادی کو برقرار رکھنے میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا اور انہیں امید نہ ہارنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے نوجوان عالمی سطح پر اپنے کشمیری ہم عمروں کی آواز بنتے رہیں گے۔

خاتونِ اوّل نے یاد دلایا کہ 5 فروری کو یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا آغاز 36 برس قبل ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کیا تھا اور کہا کہ پاکستان کے عوام آج بھی کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

مزید خبریں