روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز اور تعمیری رہے ، یو اے ای

استنبول۔6فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کو نتیجہ خیز اور تعمیری قرار دیا ہے جس میں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ترک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز مثبت …

استنبول۔6فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کو نتیجہ خیز اور تعمیری قرار دیا ہے جس میں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ترک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز مثبت پیغامات سے ہو ا جو جنگوں سے پیدا ہونے والے انسانی مصائب کو ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں بارے فریقین کی سنجیدگی کا اظہار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت کے دو دور نتیجہ خیز اور تعمیری بات چیت کے نتیجے میں ہوئے جس میں مشترکہ بنیادوں کے ان شعبوں کو اجاگر کیا گیا جو مزید پیشرفت کی بنیاد کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات بات چیت کے لیے معاون ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جس کا مقصد متعلقہ فریقوں کے درمیان اختلاف کم کرنا اور تنازعے کے پرامن حل کو آگے بڑھانا ہے۔ سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور 23-24 جنوری اور دوسرا 4-5 فروری کو ابوظہبی میں ہوا ۔اس سے قبل امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف نے بھی بات چیت کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت اس بات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں کہ پائیدار امن کے لیے حالات کیسے پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفود نے ایک معاہدہ کیا جس کے تحت روس اور یوکرین 157 جنگی قیدیوں کو رہا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحارب فریقین میں قیدیوں کا یہ پہلا تبادلہ ہے۔ روس اور یوکرین نے آخری بار 2 اکتوبر 2025 کو ترکی کے شہر استنبول میں طے پانے والے معاہدوں کے حصے کے طور پر قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا ۔ قبل ازیں ترکیہ بھی رواں سال کےآغاز میں براہ راست امن مذاکرات کے تین ادوار کی میزبانی کر چکا ہے۔ سٹیو وٹکوف نے کہا کہ امریکا اور روس نے فوجی مذاکرات پر بھی اتفاق کیا ہے جس کی قیادت امریکی یورپی کمان کے کمانڈر جنرل الیکسس گرینکیوچ کریں گے۔

امریکی ایلچی نے کہا کہ دو روزہ میٹنگ کے دوران وفود نے حل طلب مسائل بشمول جنگ بندی پر عمل درآمد اور فوجی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ممکنہ طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت کی ۔انہوں نے کہا کہ وفود نے اپنے اپنے دارالحکومتوں کو واپس رپورٹ کرنے اور آنے والے ہفتوں میں سہ فریقی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے طور پر مستقبل قریب میں مذاکراتی ٹیموں کا نیا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

مزید خبریں