اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو مالی معاونت اور ہدایات فراہم کر رہا ہے اور یہی نیٹ ورکس جمعہ کو اسلام آباد کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے ذمہ دار ہیں جس میں 31 نمازی شہید ہوئے۔ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی …
اسلام آباد حملے کی ساری منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی،حملے کا ذمہ دار بھارت ہے، حملے سے منسلک تقریباً تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے،وزیرداخلہ محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو مالی معاونت اور ہدایات فراہم کر رہا ہے اور یہی نیٹ ورکس جمعہ کو اسلام آباد کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے ذمہ دار ہیں جس میں 31 نمازی شہید ہوئے۔ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ حملہ افغانستان میں موجود داعش کے کارندوں کے ذریعے منصوبہ بندی، تربیت اور عملدرآمد کے مراحل سے گزراجبکہ غیر ملکی فنڈنگ’’براہِ راست ڈالرز ‘‘ میں فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ بھارت ان کی مالی معاونت کر رہا ہے، بھارت ہی انہیں اہداف دے رہا ہے اور بھارت ہی ہر قدم کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ یہ تنظیمیں ان کی تنخواہوں پر ہیں۔ آج دنیا خاموش رہے مگر وہ دن آئے گا جب ہر ملک تسلیم کرے گا کہ دہشت گردی کا اصل سرپرست بھارت ہے۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں شروع کیں اور رات بھر آپریشن جاری رہا۔ صبح 3 بجے تک خیبر پختونخوا پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حملے سے منسلک تقریباً تمام افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔انہوں نے تصدیق کی کہ پشاور اور نوشہرہ میں چھاپوں کے دوران چار سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیاجبکہ مبینہ ماسٹر مائنڈ جو کہ داعش سے وابستہ ایک افغان شہری ہے بھی حراست میں ہے۔ آپریشن کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کا ایک افسر شہید بھی ہوا۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام منصوبہ بندی اور تربیت افغانستان میں ہوئی۔ ہمارے پاس اب ایسے افراد موجود ہیں جنہوں نے مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں کہ حملہ آور کو کیسے منتقل کیا گیا ،تربیت دی گئی اور پھر واپس بھیجا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں “مل کر کام کرتی ہیں اور افغان سرزمین سے آپریٹ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں 21 دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں،اقوام متحدہ کی رپورٹس بھی اس کی تصدیق کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کے خلاف ایک “دفاعی دیوار” کا کردار ادا کر رہا ہے،اگر یہ دیوار ذرا سی بھی کمزور ہوئی تو دوسروں کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، مئی کے بعد ان دہشت گردوں کا بجٹ تین گنا بڑھ چکا ہے۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا،ہم اپنے نائب وزیراعظم کو بریف کریں گے اور بیرون ملک موجود ہمارے سفارتی مشنز دنیا کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔سکیورٹی اداروں پر تنقید کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر کامیاب حملے کے مقابلے میں 99حملے ناکام بنائے جاتے ہیں،اگر 100 حملوں کی منصوبہ بندی ہوتی ہے تو ان میں سے 99 کو روک لیا جاتا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کمیونٹی انٹیلی جنس کے ذریعے سکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں،ہم حالتِ جنگ میں ہیں، جب لوگ مشتبہ افراد کی اطلاع دیتے ہیں تو پورا نظام متحرک ہو جاتا ہے۔
محسن نقوی نے بھارتی میڈیا پر بھی الزام لگایا کہ وہ کالعدم تنظیموں جیسے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی پراپیگنڈا ویڈیوز کو بڑھاوا دیتا ہے،بی ایل اے اعلیٰ معیار کی ویڈیوز بناتی ہے، حملے کرتی ہے اور وہ ویڈیوز فوراً بھارتی چینلز پر آ جاتی ہیں مگر کوئی یہ سوال نہیں کرتا کہ ایسا کیوں ہے؟۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے اور ان کا بجٹ اکثر دعوؤں سے کہیں کم ہے،میری خواہش ہے کہ میں اپنی سکیورٹی فورسز کی تمام ضروریات پوری کر سکوں، مگر مالی مسائل کی وجہ سے بعض چھوٹی ضروریات بھی پوری نہیں کر پا رہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس افغانستان میں چھوڑے گئے جدید امریکی ہتھیار اور ٹیکنالوجی موجود ہے جس سے طاقت کا توازن بگڑ گیا ہے اور پاکستان کو اس صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔محسن نقوی نے دارالحکومت کے لیے آئندہ سکیورٹی اقدامات کا بھی اعلان کیاجن میں 93 داخلی راستوں کی مضبوطی، اسلام آباد کے سمارٹ سکیورٹی نظام میں بہتری اور فورس کی کمی پوری کرنے کے لیے 6,000 نئے پولیس اہلکاروں کی بھرتی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خامیوں کو دور کریں گے، ان شاء اللہ۔ پاکستان محفوظ ہے اور ہم اپنی جنگ جاری رکھیں گے، تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ مزید بریفنگز دی جائیں گی۔








