پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی

راولپنڈی۔ 07 فروری (اے پی پی):پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی جس کے دوران ضلع بھر میں 7 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ محکمہ صحت اور پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے حکام کے مطابق مہم کے دوران گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے …

راولپنڈی۔ 07 فروری (اے پی پی):پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی جس کے دوران ضلع بھر میں 7 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ محکمہ صحت اور پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے حکام کے مطابق مہم کے دوران گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی جبکہ اہم شاہراہوں، بس اڈوں اور داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی ٹیمیں تعینات رہیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور کے مطابق راولپنڈی میں پولیو ٹیموں نے بھرپور انداز میں فرائض سرانجام دیئے اور شہریوں نے بھی بھرپور تعاون کیا جس کے باعث مقررہ ہدف کے مطابق بچوں کو قطرے پلانے کا عمل مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متحرک اور موبائل آبادیوں پر خصوصی توجہ دی گئی اور ایسے بچوں تک بھی رسائی حاصل کی گئی جو عام حالات میں رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 35 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ اختتام ہو چکا ہے جبکہ لاہور سمیت بعض اضلاع میں کیچ اپ مرحلہ جاری ہے جس کے دوران ان بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں جو کسی وجہ سے پہلے مرحلے میں رہ گئے تھے۔ کیچ اپ مرحلے کے لیے دو دن مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔پنجاب بھر میں جاری اس مہم کے دوران ایک کروڑ 73 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

عدیل تصور نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں خصوصاً نومولود بچوں کو لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں اور اگر کوئی بچہ ویکسین سے محروم رہ جائے تو اس کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1166 پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین مہمان بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلوانا یقینی بنائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے اور اہم گزرگاہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکروں خصوصاً خواتین ورکروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ان کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں کیونکہ بچوں کو پولیو سے بچانا قومی ذمہ داری ہے۔انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ مہم کے دوران حاصل ہونے والے کوائف کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور جن علاقوں میں بچوں کی نشاندہی ہوئی ہے وہاں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط حکمت عملی اور عوامی تعاون سے سال 2026 میں زیرو پولیو کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں