ڈی جی یاسر پیرزادہ کی اصلاحات سے پی ایس بی میں انقلابی تبدیلی رونما ہوئی، سالانہ رپورٹ

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) میں محمد یاسر پیرزادہ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اصلاحات کے نتیجے میں انقلابی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ پی ایس بی کی سالانہ رپورٹ 2024-25 میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ محمد یاسر پیرزادہ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ادارے میں نمایاں اور بنیادی نوعیت کی تبدیلی آئی ہے۔ بدھ کو …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) میں محمد یاسر پیرزادہ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اصلاحات کے نتیجے میں انقلابی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ پی ایس بی کی سالانہ رپورٹ 2024-25 میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ محمد یاسر پیرزادہ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ادارے میں نمایاں اور بنیادی نوعیت کی تبدیلی آئی ہے۔ بدھ کو پی ایس بی سے جاری بیان کے مطابق سالانہ رپورٹ دو دہائیوں میں پی ایس بی کی پہلی جامع سالانہ رپورٹ ہے جس کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے روایتی انتظامی طرز عمل سے ہٹ کر کارکردگی پر مبنی، شفاف اور کھلاڑیوں کے مرکز پر مبنی ادارے کی شکل اختیار کر لی ہے۔

سالانہ رپورٹ میں نمایاں کامیابیوں میں سات سال کے وقفے کے بعد قائداعظم انٹر صوبائی گیمز کی بحالی شامل ہے جس میں 2,725 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی کا قیام اور پاکستان کی پہلی بائیومکینکس لیبارٹری کا آغاز بھی اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس بی کی خود پیدا کردہ آمدن میں 90 فیصد اضافہ ہوا، مالی نظم و ضبط کو سخت کیا گیا اور اعزازی رکنیتوں کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی۔ گورننس کے شعبے میں بھی بڑی اصلاحات متعارف کرائی گئیں جن میں سپورٹس الیکشن ریگولیشنز پاکستان (ایس ای آر پی )، کیو آر کوڈ پر مبنی این او سیز، تربیتی کیمپوں میں بائیومیٹرک حاضری، میرٹ پر مبنی انتخاب اور فیڈریشنز کے لیے شفاف گرانٹ کا نظام شامل ہیں۔

صاف اور منصفانہ کھیل کے فروغ کےلیے پاکستان اینٹی ڈوپنگ بورڈ کو مضبوط بنایا گیا، ٹیسٹنگ اور آگاہی پروگرامز کو وسعت دی گئی۔ سال کے دوران پی ایس بی نے 847 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپوں کا انعقاد کیا اور خصوصی ڈائٹ الائونس کو 2,000 روپے سے بڑھا کر 3,000 روپے فی کھلاڑی یومیہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق انتظامی سطح پر پی ایس بی نے ای آفس سسٹم، پری آڈٹ نظام، چیف فنانشل آفیسر کی تقرری اور پیپرا کے ای-پی اے ڈی ایس پروکیورمنٹ پلیٹ فارم سے انضمام کے ذریعے ڈیجیٹل گورننس کی جانب پیش رفت کی ہے۔