صوبائی وزرائے خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا جوڑے پل پر مریم نواز ماں و بچہ صحت مرکز ری ویمپنگ منصوبے کا سنگ بنیاد

لاہور۔21فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اورصوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے جوڑے پل پر مریم نواز ماں و بچہ صحت مرکز کی ری ویمپنگ منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس اہم منصوبے کا مقصد علاقے میں خواتین اور بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔سنگ …

لاہور۔21فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اورصوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے جوڑے پل پر مریم نواز ماں و بچہ صحت مرکز کی ری ویمپنگ منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس اہم منصوبے کا مقصد علاقے میں خواتین اور بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔سنگ بنیاد کی تقریب میں سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد وحید گل سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور منصوبے کے آغاز کو علاقے کے لئے خوش آئند قرار دیا۔شرکاء نے حکومت پنجاب کے صحت کے شعبے میں عملی اقدامات اور عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہا۔

خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ زچہ و بچہ کی صحت حکومت کی اولین ترجیح اور اسی مقصد کے تحت پرانے صحت مراکز کو جدید تقاضوں کے مطابق ری ویمپ کیا جا رہا ہے۔جوڑے پل کا یہ مرکز اپ گریڈ ہونے کے بعد جدید مشینری، تربیت یافتہ عملہ اور بہتر سہولیات سے آراستہ ہوگا تاکہ مقامی آبادی کو علاج کے لئے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں بنیادی صحت مراکز اورزچہ وبچہ مراکز کی بہتری کے لئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی آئے گی بلکہ صحت کی خدمات عام شہری کی دہلیز تک پہنچیں گی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جدید سہولیات سے آراستہ مریم نواز میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کی جائے،ماں اور بچے کی صحت اولین ترجیح ہے،نئے سینٹر سے زچہ و بچہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت زچہ و بچہ کی اموات میں کمی لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سینٹر میں ماہر گائنا کالوجسٹ ، پیڈیاٹریشن اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔ماں اور نومولود بچوں کو معیاری طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔دیہی و شہری آبادی کو یکساں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا۔صوبائی وزراء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو شفاف، معیاری اور باوقار طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اہل علاقہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور منصوبے کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کی۔