عام آدمی کی فلاح و بہود اولین ترجیح ہے،معرکہ حق کے بعد پاکستان کا وقار بلند ہوا ، سپیکر قومی اسمبلی

لاہور۔22فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہود اولین ترجیح ہے ،ملک کو تنہائی اور مشکل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا،معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ،بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ،قوم متحد ہے خوارج کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی …

لاہور۔22فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہود اولین ترجیح ہے ،ملک کو تنہائی اور مشکل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا،معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ،بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ،قوم متحد ہے خوارج کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے ، ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،وفاق میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور صوبہ میں وزیراعلی مریم نواز عوام کا معیاری زندگی بہتر بنانے میں دن رات کوشا ں ہیں،شہری اور دیہی علاقوں کو مساوی ترقی دینا ہمارا مشن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لکھو ڈیر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ،قیصر بٹ ،عرفان ،ساجدجٹھول ، بابر، میاں رمضان،شفقت ،چوہدری ارشد اورملک اصغر سمیت پارٹی کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عام آدمی معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کے لیے وفاق میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صوبہ میں وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں حکومت دن رات کوشاں ہے،شہری اور دیہی علاقوں کو مساوی ترقی دینے کے لیے ٹھوس اقدامات بروئے کا لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات لائق تحسین ہیں ،وزیر اعلی مریم نواز نے حلقہ 120کو سب سے زیادہ فنڈز دئیے ہیں جس سے گلیاں اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، سیوریج کے نظام میں بہتری سے بیماریوں کی روک تھام بھی ممکن ہو گی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اللہ تعالی کی مہربانی سے اس علاقے کی جو جو اسکیمیں وزیر اعلی پنجاب کو منظوری کے لیے بھیجی گئیں وہ سب منظور کرلی گئی ہیں ،حلقے میں ترقیاتی کاموں کے لیے 38ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے،ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے،ای ٹینڈرنگ کی وجہ سے20کروڑ روپے کی بچت بھی ہوئی ہے،جون 2026تک حلقے کی 175گلیوں میں 77کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کر لئے جائیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت کی بدولت اور حکومت کی پوری ٹیم کی محنت اور اللہ تعالی کے فضل سے ملک اب تنہائی اور مشکل دور سے نکل آیا ہے ،سفارتی سطح پر ہمیں بے شمار کامیابی ملی ہیں ،آج عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات بہت اچھے ہیں، دنیا کا پاکستان کے حوالے سے رویہ بھی یکسر تبدیل ہو گیا ہے-

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ،پاکستان نے 10گناہ بڑی طاقت کو شکست دی، ہمسایوں سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اس لیے بھارت نے جب پہلا حملہ کیا تو پاکستان نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا، لیکن دوسرے حملے میں ان کو منہ کی کھانی پڑی، ہم نے بھارت کو جواب دے کر پوری قوم کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں، آج پاکستان کی جو عزت ہے اتنی عزت پہلے کبھی نہیں تھی ،پاکستان ڈپلومیٹک فرنٹ پہ اس وقت پر دنیا کا نمبر ون ملک بن گیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ امن سے رہیں مگر اگر کوئی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھے گا تو اس کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی ہے –

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج دنیا ہماری ٹیکنالوجی کی معترف ہے ،اس وقت پاکستان سے اسلحہ خریدنے کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہوئی ہیں ، صومالیہ ، آذربائیجان ،ترکی ،نائجیریا سمیت دیگر ممالک کی جنگی سازو سامان کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہیں ،پاکستان نے 10 گنا بڑی طاقت کو شکست دے کے میڈ ان پاکستان کا نام بنایا ہے- ہمسایہ ملک افغانستان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ ہم امن پسند قوم ہیں ،ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے ،لیکن کسی دوسرے ملک کی سر زمین سے بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ،جب جنگ مسلط کی جائے تو پاکستان کو جواب بھی دینا آتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ آئے گی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا ،افغانستان سے بار بار کہا گیا کہ وہ اپنی زمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کرے ، لیکن افغانستان پاکستان کے تحفظات کا ازالہ کرنے سے انکاری ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان جو بھی کاروائی کرتا ہے بہت سوچ سمجھ کے احتیاط سے صبر کے بعد جب صبر کا پیمانہ لبریز ہو جاتا ہے تب کاروائی کی جاتی ہے ورنہ تو کاروائی کی ضرورت نہیں ہوتی ہے- انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج بھارت کے فنڈز سے ملک میں بدمنی پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، قوم ان کے خلاف متحد ہے فتنہ خوارج کے خلاف جنگ میں بھی فتح حاصل کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجہ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے میں خود، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر رابطے میں تھے، بانی کے علاج کے معاملے پر پی ٹی آئی سے نام مانگا گیا تھا ، انہوں نے بانی کے بھانجے کا نام دیا گیا لیکن وہ بھی عین وقت پر انکاری ہو گئے ، علاج میں تاخیر کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا پھیلایا گیا،

ان کے بھانجے نے انکار کیوں کیا یہ پی ٹی آئی کی قیادت ہی بتا سکتی ہے-رمضان المبارک میں مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لے کر آئے ہیں ، تاہم سپلائی اور ڈیمانڈ میں عدم توازن کی وجہ سے کچھ عناصر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، ان کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں آپریشن بھی کر رہی ہیں ۔