اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق حلقہ این اے۔ 120 میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، 77 کروڑ روپے کی لاگت سے 175 گلیوں کی تعمیر اور سیوریج نظام کی تکمیل کا عمل جاری ہے جس کے بعد علاقہ جدید شہری سہولیات سے آراستہ ہو …
این اے 120 میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جون 2026 تک مکمل ہوں گے، لکھو ڈیر جدید شہری سہولیات سے آراستہ ہوگا، سپیکر سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق حلقہ این اے۔ 120 میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، 77 کروڑ روپے کی لاگت سے 175 گلیوں کی تعمیر اور سیوریج نظام کی تکمیل کا عمل جاری ہے جس کے بعد علاقہ جدید شہری سہولیات سے آراستہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کولکھو ڈیرلاہور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ای۔ ٹینڈرنگ کے ذریعے 20 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے ، بچت سے حاصل ہونے والی رقم کو بھی مقامی ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا جبکہ پورے حلقے میں مجموعی طور پر 38 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جون 2026 تک مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی گلی یا علاقے کو ترقیاتی عمل سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔قومی امور پر گفتگو کرتے ہوئےسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات کےدور سے نکل کر استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن و دوستی کا خواہاں ہے تاہم اگر کسی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور دفاع کیا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاست اور عوام متحد ہیں اور بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور اس ضمن میں کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے طبی معائنے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ثابت ہوئیں اور معائنے کے حوالے سے تمام انتظامات قانون اور ضابطے کے مطابق کیے گئے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام پہنچایا گیا جبکہ بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کی مشاورت سے ڈاکٹر کی دستیابی ممکن بنائی گئی۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی،برآمدات میں اضافے اور عوامی ریلیف کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نےاعلان کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد علاقے کا دوبارہ دورہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








