پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا صارفین کے حقوق کے تحفظ، منصفانہ نرخوں اور موبائل سروسز میں بہتری کا عزم

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے سوشل میڈیا پر موبائل ٹیرف، سروس کے معیار اور غیر مجاز کٹوتیوں سے متعلق حالیہ خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان معاملات کو حل کرے گا اور صارفین کے تحفظ کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ،منظم اور منصفانہ ٹیرف فریم ورک کے قیام کے لیے پی ٹی اے نے موبائل …

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے سوشل میڈیا پر موبائل ٹیرف، سروس کے معیار اور غیر مجاز کٹوتیوں سے متعلق حالیہ خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان معاملات کو حل کرے گا اور صارفین کے تحفظ کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ،منظم اور منصفانہ ٹیرف فریم ورک کے قیام کے لیے پی ٹی اے نے موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ اتوار کو جاری بیان کے مطابق ان ضوابط کے تحت نمایاں مارکیٹ پاور (ایس ایم پی) رکھنے والے آپریٹرز کو کسی بھی نئے ٹیرف کے اجراء یا موجودہ ٹیرف میں ردوبدل سے قبل پی ٹی اے سے پیشگی منظوری لینا لازمی ہوگا،دیگر آپریٹرز کاروباری بنیادوں پر اپنے نرخوں کا تعین کر سکتے ہیں، تاہم اگر ٹیرف صارفین کے مفاد کے خلاف پائے گئے تو پی ٹی اے کو مداخلت کا اختیار حاصل ہوگا۔

پی ٹی اے بطور نگہبان صارفین کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے تاہم وہ اس امر کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ پائیدار مارکیٹ حالات ناگزیر ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں اوسط فی صارف آمدن خطے میں کم ترین سطح پر ہے اور موبائل ڈیٹا کی قیمتیں بھی انتہائی مناسب ہیں۔سروس کے معیار میں بہتری کے لیے پی ٹی اے سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت مارچ 2025 میں متوقع اسپیکٹرم نیلامی ہے۔ اس نیلامی کے تحت موبائل آپریٹرز کو نیا اسپیکٹرم حاصل کرنے اور جدید نیٹ ورک انفراسٹرکچر کی تنصیب کے لیے خاطر خواہ سرمایہ کاری کرنا ہوگی جس سے ملک بھر میں نیٹ ورک کے معیار، کوریج اور ڈیٹا اسپیڈ میں نمایاں بہتری آئے گی۔

تمام موبائل آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ویلیو ایڈڈ سروس کے اجرا سے قبل صارفین کی واضح اور پیشگی رضامندی حاصل کریں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل آپریٹر کی سرکاری ایپ کے ذریعے اپنی فعال سبسکرپشنز باقاعدگی سے چیک اور منظم کریں۔پی ٹی اے ایک شفاف اور منصفانہ ریگولیٹری ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہےجو صارفین کے تحفظ اور پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی طویل المدتی ترقی کے لیے درکار پائیدار سرمایہ کاری کے درمیان توازن قائم رکھے۔مسائل کا سامنا کرنے والے صارفین پی ٹی اے ہیلپ لائن 0800-55050 پر مفت شکایت درج کرا سکتے ہیں یا پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود شکایات کے نظام کے ذریعے رجوع کر سکتے ہیں۔