اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا انتہائی مستعدی اور موثر انداز میں جواب دیا، پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین مہارت سے مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا، افغان طالبان کو پچھاڑ کر رکھ دیا گیا جس سے وہ بے یقینی کی صورتحال میں مبتلا ہو گئے ہیں، پاکستان …
پاک فوج نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا انتہائی مستعدی اور موثر انداز میں جواب دیا، عطاء اللہ تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا انتہائی مستعدی اور موثر انداز میں جواب دیا، پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین مہارت سے مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا، افغان طالبان کو پچھاڑ کر رکھ دیا گیا جس سے وہ بے یقینی کی صورتحال میں مبتلا ہو گئے ہیں، پاکستان کا جواب اس قدر مضبوط ہے کہ افغان طالبان سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا سہارا لینے پر مجبور ہو گئے ہیں، ایک بین الاقوامی نیوز چینل بھی افغان طالبان کی فیک نیوز کو پھیلانے کا مرتکب ہوا جسے بعد میں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔
پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں 72 افغان طالبان ہلاک، 120 سے زیادہ زخمی اور 16 پوسٹوں کو تباہ اور 7 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں افغان طالبان کا ایک بڑا اسلحہ ڈپو اور بٹالین ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اب تک افغان طالبان کے 36 سے زیادہ ٹینک، آرٹلری گنز اور آرمڈ پرسنز کیریئرز (اے پی سیز) تباہ کی جا چکی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی ایئر فورس نے افغانستان میں قندھار، کابل اور پکتیا میں افغان طالبان کی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
پاکستانی فضائیہ کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے قندھار میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور کابل میں ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت یا مذموم عزائم سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہماری فورسز نے قوم کا سر فخر بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کے بروقت اور جراتمندانہ ردعمل کو سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال ہونا ناقابلِ قبول ہے۔ افغان سرزمین پر ٹریننگ حاصل کرنے والے دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے آج ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ ایسی کارروائیوں یا بلااشتعال جارحیت کا ردعمل اس انداز میں دیا جائے گا۔








