پاکستان اور جنوبی افریقہ کی دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت کے وسیع امکانات موجود ہیں، قائم مقام ہائی کمشنر جنوبی افریقہ

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جارڈان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ لامحدود امکانات کی سرزمین ہے اور افریقہ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے جو ترقی پسند پالیسیوں اور توانائی سے بھرپور نوجوان افرادی قوت کے ساتھ سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر …

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جارڈان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ لامحدود امکانات کی سرزمین ہے اور افریقہ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے جو ترقی پسند پالیسیوں اور توانائی سے بھرپور نوجوان افرادی قوت کے ساتھ سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں ایک انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اور تجارتی و صنعتی شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 1994 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے تاریخی اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے قائم مقام ہائی کمشنر نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی قابل تجدید توانائی، کان کنی کی ٹیکنالوجی، آٹوموٹیو مینوفیکچرنگ، ایگرو پروسیسنگ، لاجسٹکس، فارماسیوٹیکل، سیاحت، دھاتی مصنوعات، مشینری اور آلات میں امید افزا مواقع کی نشاندہی کی۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ کی سب سے زیادہ صنعتی معیشت کے طور پر جنوبی افریقہ کو متعدد تجارتی معاہدوں کے ذریعے بڑی عالمی منڈیوں تک ترجیحی رسائی حاصل ہے جو افریقی براعظم میں توسیع کے خواہاں پاکستانی کاروباروں کے لیے ایک سٹریٹجک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بی ٹو بی روابط، تجارتی وفود کے تبادلے اور غیر استعمال شدہ امکانات کو کھولنے کے لیے ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے تعاون پر زور دیا۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ جنوبی افریقہ، افریقہ کی صف اول کی اور متنوع معیشتوں میں سے ایک ہونے کے ناطے پاکستان کی ”لُک افریقہ” پالیسی میں مرکزی مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کو نہ صرف ایک قابل قدر تجارتی پارٹنر بلکہ وسیع افریقی مارکیٹ کے لیے گیٹ وے کے طور پر دیکھتا ہے۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں حوصلہ افزا رجحانات پائے جاتے ہیں لیکن یہ اپنی حقیقی صلاحیت سے کافی کم ہیں۔اس وقت تجارت زیادہ تر ٹیکسٹائل، چاول، دواسازی، کیمیکل، مشینری اور زرعی مصنوعات جیسے شعبوں میں مرکوز ہے۔ تاہم دونوں معیشتوں کے حجم، تنوع اور تکمیلی خصوصیات کے پیش نظر، تنوع، قدر میں اضافے اور نجی شعبے کے مضبوط تعاون کے ذریعے تجارتی حجم کو بڑھانے کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے۔انہوں نے بامقصد شراکت داری کو آسان بنانے کے لیے تجارتی وفود اور کاروباری میچ میکنگ اقدامات کو منظم کرنے کے لیے جنوبی افریقی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیےآئی سی سی آئی کے عزم کا اظہار کیا۔

سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے سیشن کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے جنوبی افریقہ کی سرمایہ کاری کے ماحول، تجارتی ترجیحات اور باہمی تعاون کے شعبوں کے بارے میں قابل قدر بصیرت فراہم کی ہے۔ نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے اظہار تشکر میں اس دورے کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اقتصادی روابط کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس قرار دیا۔سابق صدر میاں شوکت مسعود سمیت شرکانے سوال و جواب کے سیشن میں حصہ لیا۔ نمایاں شرکا میں ایگزیکٹو ممبران ثناء اللہ خان، ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، اسحاق سیال، شمائلہ صدیقی، چیئرمین بین علاقائی رابطہ کمیٹی کاشف ظاہر اور چیئرمین آئی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے آسیان امور چوہدری محمد علی سمیت تاجر برادری کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔