حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، مشہود احمد خان

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا …

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے تاکہ مسائل کا جائزہ لے کر مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز منسٹری، بیورو آف امیگریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد نوجوانوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس ضمن میں لیپ ٹاپ اسکیم، اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور کھیلوں کے فروغ جیسے اقدامات جاری ہیں تاکہ پاکستانی نوجوان سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے دس لاکھ روپے تک بلاسود قرض کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد ابتدائی اخراجات اور بیرونِ ملک قیام کے ابتدائی مہینوں میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرض آسان اقساط میں واپس کیا جا سکے گا اور رقوم کی ترسیل قانونی اور بینکاری ذرائع سے یقینی بنانے پر بھی کام جاری ہے تاکہ زرمبادلہ محفوظ طریقے سے ملک میں آئے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے خلیجی ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کے ساتھ اشتراک عمل بڑھایا جا رہا ہے جس کے تحت بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بیرونِ ملک پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سافٹ اسکلز اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت عالمی سطح پر مثبت شناخت قائم کر سکے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، اسکلڈ افرادی قوت تیار کرنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں