اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو انرجی چائنہ پاکستان کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، فریقین نے سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے ایگزیبیشن ہال کا معائنہ کیا اور سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں حاصل کیے گئے اہم …
وفاقی وزیر احسن اقبال کا انرجی چائنہ پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ، ایگزیبیشن ہال کا معائنہ اور سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں حاصل اہم سنگ ہائے میل کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو انرجی چائنہ پاکستان کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، فریقین نے سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ۔
وفاقی وزیر نے ایگزیبیشن ہال کا معائنہ کیا اور سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں حاصل کیے گئے اہم سنگ ہائے میل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر باہمی تعاون، جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں سی ای ای سی قیادت اور پراجیکٹ ٹیموں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سکھی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ،داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ،مہمند ڈیم اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت اہم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ان منصوبوں کے ذریعے پن بجلی کی ترقی کو تیز کرتے ہوئے توانائی کے تحفظ اور سبز ترقی کے مشترکہ عزم کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مزید تقویت دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور سبز و پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
پروفیسر احسن اقبال نے پالیسی کے تسلسل، سرمایہ کاری کے تحفظ اور شفاف عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت صنعتی تعاون، گرین انرجی اور علاقائی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات، پائیدار ترقی اور علاقائی خوشحالی کی جانب مشترکہ پیش رفت کا عکاس ہے۔








