وفاقی وزیرِ پٹرولیم سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاکستان کو ينبع بندرگاہ سے تیل سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان …

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روزانہ کی بنیاد پر بدلتی ہوئی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہےکیونکہ پاکستان ایندھن کے بڑے حصے کی ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے عوام کے لیے توانائی کی فراہمی کے سلسلے کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ملک کی حمایت پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع سعودی بندرگاہ ينبع کے ذریعے سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہےجو توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

علی پرویز ملک نے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب پہلے ہی پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز کو پاکستان سے ينبع روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ينبع بندرگاہ سے تیل کی سپلائی کو پاکستان کے لیے ترجیح دی جائے گی۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ بدلتی ہوئی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کسی بھی ہنگامی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر ممالک ہیں اور آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔