موجودہ عالمی حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور باہمی احترام کی اشد ضرورت ہے،حافظ محمد اقبال رضوی
موجودہ عالمی حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور باہمی احترام کی اشد ضرورت ہے،حافظ محمد اقبال رضوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی): امن کمیٹی کے وفد نے چیئرمین ضلعی امن کمیٹی مولانا حافظ محمد اقبال رضوی کی سرپرستی میں سفارت خانہ ایران، اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے موجودہ عالمی و علاقائی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہار تعزیت و گہرے دکھ اور ایرانی قوم کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفد میں علامہ اشفاق وحیدی، علامہ قاسم ایوب، علامہ عثمان غنی، ڈاکٹر شہزاد دلاور ، مولانا ناصر امین، صاحبزادہ یاسراقبال رضوی ، ملک اصغر خان بابر ، مولانا قاری عبدالرسول چشتی ، خرم لطیف خان اور دیگر معزز اراکین شامل تھے۔حافظ محمد اقبال رضوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ہر پاکستانی غمگین ہے ، پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر مسلم ممالک کو اتحاد، تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے انتہائی مضبوط ہیں۔ ہم ایرانی قوم کے دکھ اور مشکلات میں برابر کے شریک ہیں اور خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ہر مثبت قدم کی حمایت کرتے ہیں۔ایرانی سفیر نے وفد کی آمد اور خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان و ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔آخر میں وفد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور ایران سمیت پوری امت مسلمہ کو امن، ترقی اور استحکام عطا فرمائے۔








