اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):الیکشن کمیشن نےحکومت پنجاب کی جانب سے نقشہ جات کی فراہمی پر حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کرنے کی ہدایت کی ہےاور اسلام آباد میں نقشہ جات کی عدم فراہمی اور ضروری ترامیم نہ کرنے پر آئندہ اجلاس میں وزیر داخلہ کو ذاتی طور پر طلب کرلیا ہے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف …
الیکشن کمیشن کی حکومت پنجاب کی جانب سے نقشہ جات کی فراہمی پر حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):الیکشن کمیشن نےحکومت پنجاب کی جانب سے نقشہ جات کی فراہمی پر حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کرنے کی ہدایت کی ہےاور اسلام آباد میں نقشہ جات کی عدم فراہمی اور ضروری ترامیم نہ کرنے پر آئندہ اجلاس میں وزیر داخلہ کو ذاتی طور پر طلب کرلیا ہے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن کے پانچ رکنی بنچ نے پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاخیر پر سماعت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو لوکل گورنمنٹ حلقہ بندی رولز، ڈیمارکیشن آرڈر جس میں ٹاؤن کارپوریشنوں،میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل کونسلوں میں یونین کونسلوں کی تعداد ہے وہ مہیا کردیئے ہیں جبکہ نقشہ جات ودیگر ڈیٹا 12مارچ 2026تک الیکشن کمیشن کو مہیا کردیا جائے گا۔
الیکشن رولز کا بھی صوبائی حکومت جلد نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔الیکشن کمیشن نے دفترکوحکم دیا کہ صوبائی حکومت جونہی نقشہ جات مہیا کرتی ہے حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کیا جائےاگر صوبائی حکومت 12مارچ 2026تک نقشہ جات مہیا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو 13مارچ 2026 سے روزانہ کی بنیاد پر ڈیژن وائز ڈپٹی کمشنروں کو الیکشن کمیشن بلایا جائے تاکہ وہ نقشہ جات براہ راست الیکشن کمیشن کو مہیا کریں اور حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کیا جاسکے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کیس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ سیکرٹری وزارت داخلہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے تین مراسلہ جات بھیجے گئے ہیں جس میں ا ن سے ٹاؤن کارپوریشن کی حلقہ بندی،ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد ، ٹاؤن کارپوریشنوں کے نقشہ جات کی فراہمی اور آرڈیننس میں ضروری ترامیم کیلئے کہا گیا لیکن وزارت داخلہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔چیف کمشنر نے کمیشن کو بتایا کہ اُسے ایسا کوئی لیٹر موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن میں سیکرٹری وزارت داخلہ کی بجائے ایڈیشنل سیکرٹری وزار ت داخلہ پیش ہوئے اور بتایا کہ سیکرٹری داخلہ وزیر اعظم صاحب کی میٹنگ میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کی طرف سے تین خطوط کا جواب نہ دینے کا سخت نوٹس لیا اور حکم دیا سیکرٹری داخلہ کونوٹس دیا جائے کہ کیونہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
مزید یہ کہ آئندہ سماعت پر وزیرِ داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ٹاؤن کارپوریشنوں کے نقشہ جات الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے نقشوں کی فراہمی کے لیے 12 مارچ 2026 تک کا وقت دے دیا۔کیس کی کارائی مورخہ 10مارچ بروز منگل تک ملتوی کردی۔








