وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے چمڑے و جوتے کی صنعت سے وابستہ وفد کی ملاقات ، درپیش چیلنجز اور استعمال شدہ جوتوں کی درآمد بارے ریگولیٹری خدشات سے آگاہ کیا

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے چمڑے اور جوتے کی صنعت سے وابستہ ایک وفد نے ملاقات کی اور درپیش چیلنجز اور استعمال شدہ جوتوں کی درآمد سے متعلق ریگولیٹری خدشات بارے آگاہ کیا ۔ وفد نے پاکستان کی فٹ ویئر انڈسٹری کی برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس مناسب پیداواری صلاحیت …

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے چمڑے اور جوتے کی صنعت سے وابستہ ایک وفد نے ملاقات کی اور درپیش چیلنجز اور استعمال شدہ جوتوں کی درآمد سے متعلق ریگولیٹری خدشات بارے آگاہ کیا ۔ وفد نے پاکستان کی فٹ ویئر انڈسٹری کی برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس مناسب پیداواری صلاحیت اور ہنر مند لیبر موجود ہے جو ملکی کھپت اور بین الاقوامی منڈیوں دونوں کے لیے پیداوار میں اضافہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سالانہ جوتوں کی کھپت کا تخمینہ تقریباً 550 ملین جوڑوں کے لگ بھگ ہے جبکہ ملک میں سالانہ تقریباً 700 ملین جوڑوں کی پیداواری صلاحیت موجود ہے جو ملکی سپلائی اور برآمدی توسیع دونوں کی نمایاں صلاحیت کی نشاندہی کرتی ہے۔ صنعت کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ مقامی مارکیٹ کا تقریباً 30-40 فیصد اس وقت استعمال شدہ جوتوں کی درآمد سے پورا کیا جا رہا ہے۔

وفد نے استعمال شدہ جوتوں کے لیے علیحدہ ہارمونائزڈ سسٹم (ایچ ایس) کوڈ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی جسے فی الحال استعمال شدہ کپڑوں اور لوازمات کے وسیع زمرے کے تحت درجہ بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ درجہ بندی ریگولیٹرز کے لیے جوتے کی درآمدات کو درست طریقے سے ٹریک کرنا، درست تشخیص کا اندازہ لگانا اور سیکٹر کے لیے مخصوص ریگولیٹری اقدامات کو نافذ کرنا مشکل بناتی ہے۔

وفاقی وزیر نے صنعت کے سٹیک ہولڈرز کی برآمدی کارکردگی بڑھانے اور بین الاقوامی جوتے کی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو مضبوط بنانے کی ترغیب دی، ساتھ ہی مقامی طور پر تیار کردہ جوتے کی مقامی مارکیٹ میں مناسب قیمت اور قابل رسائی رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

میٹنگ میں کسٹم ویلیوایشن کے طریقہ کار کو بہتر بنانے، استعمال شدہ درآمدات سے منسلک ریگولیٹری چیلنجوں سے نمٹنے اور برآمد پر مبنی جوتے کی تیاری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے وسیع تر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔