اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے،جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے اور موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل …
این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی احسن اقدام ہے،جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل اور کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف کا این ایچ اے کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے،جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے اور موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کار کردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی ۔
وزیرِ اعظم نے این ایچ اے کی آمدنی میں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات پر مؤثر طور سے عملدرآمد، سروس ایریاز کی بہتری اور دیگر اقدامات پر وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے،موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کو این ایچ اے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024 کی نسبت مالی سال 2025 میں این ایچ اے کی آمدن 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر 109 ارب روپے تک پہنچ گئی، آمدن میں 63 فیصد اضافہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر این ایچ اے کے ٹول ٹیکس وصولی اور دیگر اقدامات سے ممکن ہوا،
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 2024 کی نسبت 2025 میں موٹر ویز پر ایم ٹیگ کی تعداد 20 سے بڑھ کر 81 فیصد ہو گئی، ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بھی بالترتیب 90 اور 95 فیصد تک پہنچ گئی جس سے نہ صرف حادثات میں کمی جبکہ سڑکوں پر دباؤ میں کمی اور ان کی میعاد میں اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موٹر ویز پر موجود سروس ایریاز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی سروس ایریاز بنائے جارہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال موٹرویز پر ایئر ایمبولینس سروس متعارف کی جائیگی ۔ علاوہ ازیں موٹروے کے تمام انٹر چینجز پر 1122 کی سروس ہر وقت تیار رہتی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ اے کے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ (این 5) اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ مواصلات اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔








