اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):موجودہ جغرافیائی و علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان عوام کو یقین دہانی کراتی ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو قومی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی یا انہیں غیر مجاز مقامات پر رکھنے میں …
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، اوگرا

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):موجودہ جغرافیائی و علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان عوام کو یقین دہانی کراتی ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو قومی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی یا انہیں غیر مجاز مقامات پر رکھنے میں ملوث کسی بھی فرد یا ادارے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، بالخصوص وہ مقامات جو باقاعدہ لائسنس یافتہ آئل ڈپو یا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ریٹیل آؤٹ لیٹس کے علاوہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض عناصر ایسے حالات میں ناجائز منافع خوری کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی کوشش کرتے ہیں۔
اس رجحان کی روک تھام کے لیے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کریں تاکہ وہ معائنہ کریں اور جہاں کہیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پائی جائے وہاں متعلقہ مقامات کو سیل کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید برآں، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور آئل ڈپوز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدعنوانی کی روک تھام کی جا سکے۔عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور نہ ہی غیر ضروری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی خریداری یا ذخیرہ اندوزی کریں۔








