صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطے میں حالیہ میزائل حملوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطے میں حالیہ میزائل حملوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق بعض میزائل مبینہ طور پر ترکیہ اور آذربائیجان کے علاقوں میں گرے ہیں۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس نوعیت کی پیش رفت ایسے وقت میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن …

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطے میں حالیہ میزائل حملوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق بعض میزائل مبینہ طور پر ترکیہ اور آذربائیجان کے علاقوں میں گرے ہیں۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس نوعیت کی پیش رفت ایسے وقت میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے جب خطے میں استحکام اور ڈائیلاگ انتہائی ضروری ہے اور یہ صورتِ حال علاقائی سلامتی کے ماحول کی نزاکت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور اس کے امن و سلامتی پر وسیع تر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور خدشات و اختلافات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دیں۔صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ باہمی رابطہ اور تعمیری ڈائیلاگ ہی کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے سب سے مؤثر راستہ ہیں۔