پشاور۔ 06 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پورے ملک سمیت خیبرپختونخوا موسمیاتی تبدیلی کے شدید دباؤ کا شکار ہے جس میں محکمہ موسمیات کی اہمیت ، زمہ داری اور کردار میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ موسمیات کی جانب سے گورنر ہاؤس …
صوبہ میں محکمہ موسمیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی ضروری ہے، گورنر خیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 06 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پورے ملک سمیت خیبرپختونخوا موسمیاتی تبدیلی کے شدید دباؤ کا شکار ہے جس میں محکمہ موسمیات کی اہمیت ، زمہ داری اور کردار میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ موسمیات کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور میں دی گئی محکمانہ بریفنگ کے دوران کیا۔ محکمہ کے ڈائریکٹر اعجاز احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم نے گورنر کو محکمہ کے کردار کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چراٹ میں غیر فعال ریڈار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے اہم مقامات پر ریڈار سسٹم کا غیر فعال ہونا زیادتی ہے جسکا فوری ازالہ ضروری ہے۔ انہوں نے پاڑہ چنار میں محکمہ کی زمین پر تجاوزات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس حوالہ سے کردار ادا کرنا چاہیئے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ میں محکمہ موسمیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی ضروری ہے، اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔ گورنر نے بونیر ، سوات ، شانگلہ اور دیگر علاقوں میں جدید آلات کی تنصیب کو انتہائی ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں افرادی قوت کی کمی، غیر مقامی سٹاف، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ سٹاف کے فقدان جیسے مسائل پر اعلی حکام کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم خان نے گورنر کو محکمہ کی کارکردگی، مسائل اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے زیر نگرانی سترہ مراکز ہیں، ہم ڈیٹا کو تحقیق کے فروغ کےلیے یونیورسٹی سے شیئر کرتے ہیں، موسمیاتی وارننگ اور پیشین گوئیاں افواج پاکستان ، مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے شیئر کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے متعدد اضلاع میں آٹو میٹک ارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جارہے ہیں۔








