خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا ایک ترقی پسند، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے، وزیرِ مملکت وجیہہ قمر

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائےوفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا ایک ترقی پسند، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔اتوار کوعالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں خصوصاً تعلیم، سائنس، قیادت اور سماجی ترقی میں خواتین کی جرات، ثابت قدمی اور کامیابیوں کو خراجِ …

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائےوفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا ایک ترقی پسند، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔اتوار کوعالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں خصوصاً تعلیم، سائنس، قیادت اور سماجی ترقی میں خواتین کی جرات، ثابت قدمی اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کے مستقبل کی تشکیل اور معاشرے کی مضبوط بنیادیں قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تو وہ تبدیلی اور ترقی کی طاقتور محرک بن جاتی ہیں۔

وجیہہ قمر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک بھر میں بچیوں کو معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری پائیدار ترقی اور سماجی پیش رفت کے حصول کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے لیے محفوظ، جامع اور سازگار ماحول فراہم کرنا وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ مملکت نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹیز سمیت تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ بچیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور ہر شعبے میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر آئیں ہم اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کریں کہ خواتین کو بااختیار بنائیں گے اور ہر بچی کو سیکھنے، قیادت کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کریں گے۔