اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں بنیادی اور ناگزیر کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان کی خواتین نےسیاست، معیشت، تعلیم، صحت اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔اتوار کوخواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ …
خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں بنیادی اور ناگزیر کردار ادا کرتی ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں بنیادی اور ناگزیر کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان کی خواتین نےسیاست، معیشت، تعلیم، صحت اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔اتوار کوخواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا، ان کے لیے محفوظ اور باعزت ماحول یقینی بنانا اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، معاشی خودمختاری اور سماجی بااختیاری کے فروغ کے لیے قانون سازی اور عملی اقدامات کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کیا اور پاکستانی خواتین کے لیے حوصلے، عزم اور قیادت کی ایک روشن مثال قائم کی۔ ان کی خدمات آج بھی خواتین کو قومی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے بیگم رعنا لیاقت علی خان اور دیگر ان باہمت مسلم خواتین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کیا اور بعد ازاں پاکستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، سماجی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان خواتین کی جدوجہد، قربانیاں اور خدمات پاکستانی خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو قومی سیاست اور قیادت میں نمایاں مقام دلانے کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ ان کی قیادت نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا میں خواتین کے لیے امید اور حوصلے کا نیا باب رقم کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی سیاسی نمائندگی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کر کے انہیں قومی دھارے میں آگے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری اور بااختیار بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی خواتین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں اور محنت سے ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی رہیں گی۔








