اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ عالمی امن و استحکام اور درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی اتفاق اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے، خطے میں امن و امان کے قیام اور عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں …
عالمی امن اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے، سیدال خان ناصر

مزید خبریں
اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ عالمی امن و استحکام اور درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی اتفاق اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے، خطے میں امن و امان کے قیام اور عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور عوام کا یک زبان ہو کر آگے بڑھنا انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سینیٹر وقار احمد خان کی جانب سے منعقدہ افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز خصوصاً موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور ملک میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نہ صرف اندرونی سطح پر بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کا داعی رہا ہے اورموجودہ حکومت بھی اسی وژن کے تحت دنیا کے ساتھ مثبت اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دے رہی ہے۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد اور سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل، قومی سلامتی کے تحفظ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت اور حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کے ذریعے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب میں آمد پر میزبان سابق سینیٹر وقار احمد خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا پرتپاک استقبال کیا ۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی ایوانِ بالا میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔افطار ڈنر میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر محمد طلحہ محمود، سابق سینیٹر مشاہد حسین سید، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان، سابق سینیٹر فدا محمد سمیت سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابق پارلیمنٹیرینز، مختلف ممالک کے سفیروں، صحافیوں، چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں شرکاء نے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے حکومت اور ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قومی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو لازمی قرار دیا۔








