خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور ثقافتی شناخت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، فرح ناز اکبر

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور ثقافتی شناخت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان کی خواتین نہ صرف گھریلو زندگی بلکہ تعلیم، سیاست، معیشت، فن و ثقافت اور سماجی خدمات کے شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام …

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور ثقافتی شناخت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان کی خواتین نہ صرف گھریلو زندگی بلکہ تعلیم، سیاست، معیشت، فن و ثقافت اور سماجی خدمات کے شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ اور ثقافت کے فروغ میں خواتین کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے، ہماری روایات، اقدار اور ثقافتی ورثہ کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے میں خواتین کا کردار قابلِ تحسین ہے۔فرح ناز اکبر نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ایک ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی ضمانت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، احترام اور بنیادی حقوق عطا کیے ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان اصولوں کو عملی طور پر معاشرے میں نافذ کریں۔انہوں نے تمام پاکستانی خواتین کو خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ، بااعتماد اور بااختیار خاتون ہی ایک مضبوط خاندان اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور ہمیں مل کر ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں خواتین محفوظ، باعزت اور بااختیار زندگی گزار سکیں۔