حکومت کے بروقت فیصلوں کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، رانا مشہود احمدخاں

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخاں نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے،مشکل عالمی معاشی ماحول میں ہم سب کو بطور قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔۔

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخاں نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے،مشکل عالمی معاشی ماحول میں ہم سب کو بطور قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔۔

پیرکوچیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی صورتحال پر اہم بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر چکی ہے، حکومتِ پاکستان نے بروقت اور ذمہ دارانہ فیصلے کرتے ہوئے ملک کو ممکنہ بحران سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں،اگر دو دن قبل پٹرول کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ نہ کی جاتی تو ملک میں مصنوعی قلت کا خدشہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی موجودہ صورتحال اس حقیقت کی واضح مثال ہے، بنگلہ دیش میں حکومت کو پٹرول کی فروخت گاڑیوں کی اقسام کے مطابق محدود کرنا پڑی ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کی دوراندیش قیادت کی بدولت پاکستان میں ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ بروقت فیصلوں کے نتیجے میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہےجس کے نتیجے میں عوام کو کسی قسم کی پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا،

مشکل عالمی معاشی ماحول میں ہم سب کو بطور قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہو ں نے عوام سے اپیل کہ وہ صبر اور تعاون کا مظاہرہ کریں، ان شاء اللہ! حکومت کی مؤثر پالیسیوں اور قوم کے اتحاد کے ساتھ پاکستان اس چیلنج سے بھی کامیابی سے نکل آئے گا۔