یو اے ای میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان کا رمضان افطار ٹینٹ کا دورہ

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے دبئی کے پورٹ راشد میں وسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم کی جانب سے قائم کردہ رمضان افطار ٹینٹ کا دورہ کیا جہاں ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران روزانہ سینکڑوں افراد کو افطار و کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جو کمیونٹی کی خدمت کے جذبے کے تحت ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔

دبئی۔9مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے دبئی کے پورٹ راشد میں وسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم کی جانب سے قائم کردہ رمضان افطار ٹینٹ کا دورہ کیا جہاں ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران روزانہ سینکڑوں افراد کو افطار و کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جو کمیونٹی کی خدمت کے جذبے کے تحت ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔یہ مسلسل تیسرا سال ہے کہ متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی کاروباری گروپ وسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم اس افطار ٹینٹ کا اہتمام کر رہا ہے جو رمضان المبارک کے دوران ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنے دورے کے دوران سفیر شفقت علی خان نے شرکاء میں فوڈ باکس تقسیم کئے اور شرکاء کے ساتھ وقت گزارا، اجتماعی دعا میں شرکت کی اور ان کے ہمراہ افطار کیا۔پاکستانی سفیر نے وسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم کے سی ای او ڈاکٹر ظفر طاہر رضوی اور ان کی انتظامیہ کو اس قابلِ تحسین اقدام پر سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروباری ادارے مثبت کردار ادا کرتے ہوئے کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے دبئی کے حکام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے افطار ٹینٹ کے قیام میں تعاون فراہم کیا۔