پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے لئے حکومت، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر اشتراک نہایت اہم ہے، سید عمران احمد شاہ

وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے لئے حکومت، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر اشتراک نہایت اہم ہے، مقامی این جی اوز کمیونٹی کی سطح پر مسائل کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں اور ترقیاتی اقدامات کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے لئے حکومت، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر اشتراک نہایت اہم ہے، مقامی این جی اوز کمیونٹی کی سطح پر مسائل کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں اور ترقیاتی اقدامات کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرسٹ فار وولنٹری آرگنائزیشنز (ٹی وی او) کے زیرِ اہتمام پارٹنر این جی اوز کو گرانٹس کی پہلی قسط کے چیکس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹی وی او غلام محی الدین، ٹی وی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور مختلف پارٹنر این جی اوز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران 9پارٹنر این جی اوز اور کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کو ان کے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے لئے گرانٹس کی پہلی قسط کے چیکس فراہم کئے گئے۔

یہ منصوبے ملک کے مختلف علاقوں میں کمیونٹی کی سطح پر اہم ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے شروع کئے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، بنیادی صحت کی سہولیات کی بہتری، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ، جدید زرعی طریقوں کے فروغ، روزگار اور ہنر مندی کے مواقع پیدا کرنے اور سکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیم کے دائرے میں لانے جیسے اہم شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے ٹی وی او کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1992 میں قیام کے بعد سے ٹی وی او ملک بھر میں مقامی طور پر رجسٹرڈ این جی اوز کی معاونت اور انہیں کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبے تیار اور نافذ کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شفاف نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ترقیاتی وسائل مستحق کمیونٹیز تک پہنچ سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت پاکستان غربت میں کمی اور کمزور طبقات کے تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے، اسی وژن کے تحت وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، معاشی مواقع پیدا کرنے اور پسماندہ طبقات کی معاونت کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مؤثر پالیسی سازی کے لئے زمینی حقائق کو سمجھنا ضروری ہے، اسی مقصد کے تحت انہوں نے مختلف جامعات، ہسپتالوں اور فلاحی اداروں کے دورے کئے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کو قریب سے دیکھا جا سکے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جا سکیں۔

انہوں نے تقریب میں موجود تمام پارٹنر این جی اوز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیابی شفافیت، جوابدہی اور کمیونٹیز کی فعال شمولیت سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے ملک کے مختلف علاقوں میں کمیونٹیز کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔آخر میں وفاقی وزیر نے گرانٹس حاصل کرنے والی تمام تنظیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو عوام کی زندگیوں میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہوں۔