پاکستان کی لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت

پاکستان نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی مسلسل فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت اور تقریباً 50 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):پاکستان نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی مسلسل فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت اور تقریباً 50 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں، یہ لبنان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کےلئے لبنانی حکومت کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور اس سے خطے میں جاری سلامتی اور انسانی بحران مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔

بیان میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجی جارحیت، شہریوں کو بلا امتیاز نشانہ بنانے اور لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خاتمے کےلئے فوری اقدام کرے۔ پاکستان نے اسرائیل سے تمام مقبوضہ لبنانی علاقوں سے فوری، مکمل اور غیر مشروط انخلاءکا بھی مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اس جارحیت کے پیش نظر لبنان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور وہ لبنان اور وسیع خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔