مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ سے ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):مشیرِ وزیراعظم برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور رانا ثناء اللہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و دفاعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ رانا …

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):مشیرِ وزیراعظم برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور رانا ثناء اللہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و دفاعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

رانا ثناء اللہ اور ترک سفیر نے امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں اور اس سے نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

دونوں جانب سے خطے میں امن و امان کے قیام اور تنازعات کے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے ترک سفیر کو پاک-افغان سرحد کی صورتحال اور افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ترک سفیر نے رانا ثناء اللہ کو آگاہ کیا کہ ترکیہ کے وزیرِ کھیل مئی کے مہینے میں پاکستان کا دورہ کریں گے، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کے لئے مشترکہ پلیٹ فارمز کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے بین الصوبائی سطح پر ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔رانا ثناء اللہ نے ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔