فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور کی بنیادرکھ دی گئی، خرم شہزاد

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور کی بنیادرکھ دی گئی ہے۔منگل کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ فائیوجی سپیکٹرم نیلامی کے عمل کے باضابطہ آغاز سے ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم سنگ میل قائم ہواہے، یہ قدم ملک میں جدیدترین ڈیجیٹل رابطہ کاری کی جانب ایک …

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور کی بنیادرکھ دی گئی ہے۔منگل کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پراپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ فائیوجی سپیکٹرم نیلامی کے عمل کے باضابطہ آغاز سے ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم سنگ میل قائم ہواہے، یہ قدم ملک میں جدیدترین ڈیجیٹل رابطہ کاری کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے ، اس اقدام سے پاکستان بھر میں جدید ترین اور تیز رفتار رابطہ کاری کے نظام کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ فائیوجی سپیکٹرم ٹیکنالوجی سے نہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن ہوگی بلکہ اس سے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی، اس اقدام سے مصنوعی ذہانت ، کلائوڈ خدمات، فن ٹیک، ریموٹ ورک، سٹارٹ اپس اور ڈیجیٹل برآمدات جیسے شعبوں میں نئی معاشی سرگرمیاں اور مواقع پیدا ہوں گے۔خرم شہزادنے کہاکہ اس وقت پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن کے 200 ملین سے زائد صارفین موجود ہیں جن میں 150 ملین سے زیادہ براڈ بینڈ صارفین ہیں، وسیع صارفیں کی موجودگی سے اس امرکی عکاسی ہو رہی ہے کہ پاکستان اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کے اگلے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی سے درحقیقت پاکستان نے ڈیجیٹل مستقبل کے دروازے کھول دئیے ہیں جس سے ملک میں ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے فروغ اور عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں پاکستان کے کردار کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔