لاس اینجلس ۔11مارچ (اے پی پی):امریکا میں مستقبل کے فضائی سفر کو فروغ دینے کے لیے "فلائنگ ٹیکسی" منصوبے کے تحت آٹھ پائلٹ منصوبوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے، جن کے ذریعے 26 امریکی ریاستوں میں جدید طیاروں کی عملی آزمائش شروع کی جائے گی۔شنہوا کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) اور محکمۂ ٹرانسپورٹ (ڈی او ٹی ) کے مطابق یہ منصوبے "ایڈوانسڈ ایئر …
امریکا میں "فلائنگ ٹیکسی” منصوبے کے تحت 8 پائلٹ پراجیکٹس کی منظوری

مزید خبریں
لاس اینجلس ۔11مارچ (اے پی پی):امریکا میں مستقبل کے فضائی سفر کو فروغ دینے کے لیے "فلائنگ ٹیکسی” منصوبے کے تحت آٹھ پائلٹ منصوبوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے، جن کے ذریعے 26 امریکی ریاستوں میں جدید طیاروں کی عملی آزمائش شروع کی جائے گی۔شنہوا کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) اور محکمۂ ٹرانسپورٹ (ڈی او ٹی ) کے مطابق یہ منصوبے "ایڈوانسڈ ایئر موبیلیٹی اور الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (eVTOL) انٹیگریشن پائلٹ پروگرام” کے تحت شروع کیے جا رہے ہیں۔
اس پروگرام میں شہری فضائی ٹیکسی سروس، کارگو کی ترسیل اور ہنگامی طبی امداد جیسے منصوبے شامل ہوں گے۔یہ جدید طیارے برقی یا ہائبرڈ توانائی سے چلیں گے اور نسبتاً محدود جگہوں سے عمودی انداز میں پرواز اور لینڈنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ اسی وجہ سے انہیں عام طور پر "فلائنگ ٹیکسی”، "ایئر ٹیکسی” یا "فلائنگ کار” کہا جاتا ہے۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق منتخب شراکت داریاں ابھرتی ہوئی فضائی ٹیکنالوجی کو قومی ہوابازی نظام میں شامل کرنے میں مدد دیں گی، جبکہ ابتدائی آپریشنز 2026 کے موسم گرما تک شروع ہونے کی توقع ہے۔
نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی نیو انگلینڈ کے علاقے میں ایک منصوبے کی قیادت کرے گی جس کے تحت مین ہیٹن ہیلی پورٹ سے بڑے علاقائی ہوائی اڈوں تک برقی ایئر ٹیکسی خدمات کی آزمائش کی جائے گی۔اسی طرح ٹیکساس میں علاقائی فضائی نیٹ ورک قائم کرنے کا منصوبہ ہے جو ڈلاس، آسٹن، سان انتونیو اور ہیوسٹن کے درمیان فضائی راہداریوں کو جوڑے گا۔
اس منصوبے میں آرچر ایوی ایشن اور جوبی ایوی ایشن جیسی کمپنیوں کی شراکت بھی شامل ہے۔پروگرام کے تحت تین سالہ تحقیقاتی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حاصل ہونے والا ڈیٹا نئی حفاظتی پالیسیوں، پائلٹ سرٹیفکیشن اور فضائی ٹریفک کے نظام کے لیے مستقل ضابطے بنانے میں استعمال کیا جائے گا۔








