اسلام آباد ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی) وزیر دفاع انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پاکستانی موقف سے امریکا کو آگاہ کر دیا ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر میں تو پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا کوئی سنجیدہ عندیہ …
پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان میں امریکی اہداف کا حصول مشکل ہے،خرم دستگیر

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی) وزیر دفاع انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پاکستانی موقف سے امریکا کو آگاہ کر دیا ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر میں تو پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا کوئی سنجیدہ عندیہ نہیں تھا بلکہ دھمکیاں تھیں لیکن بعد میں امریکی سیکرٹری اسٹیٹ ٹیلرسن سمیت سیکرٹری دفاع اور دیگر اہم عہدیداران نے یہ بات کہی کہ پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان میں امریکی اہداف کا حصول مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس پاکستان کی حد تک کوئی اچھا ملٹری آپشن نہیں ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے جہاں افغانستان کے جیسے حالات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں پر موجود ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا پوری طرح دفاع کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی فوج جو عراق اور افغانستان میں ناکام ہو چکی ہے اور اس بات کا اعتراف امریکی جنرل کر بھی چکے ہیں کہ مکمل افغانستان پر ان کا کنٹرول نہیں ہے۔ اس لیے ایسی امریکی فوج کو تو پاکستانی بہادر افواج سے سیکھنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے کام کس طرح کرنا ہے ،کیونکہ انسداد دہشت گردی میں جتنی کامیابیاں ہماری مسلح افواج نے حاصل کیں دنیا بھر میں کسی اور نے نہیں کیں۔








