ملتان ۔ 22 مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک اللہ دتہ کاشف بوسن کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی رہنما، بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سید یوسف …
سید یوسف رضا گیلانی کی عید ملن پارٹی میں شرکت، اتحاد اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
ملتان ۔ 22 مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک اللہ دتہ کاشف بوسن کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی رہنما، بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عید ملن جیسی تقریبات نہ صرف خوشیوں کو بانٹنے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور یکجہتی کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب متحد ہیں اور اجتماعی سوچ کے ساتھ ہی ترقی کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے، تاہم عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ محروم اور پسماندہ طبقات کی آواز بننے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آنے والا وقت کئی چیلنجز لے کر آئے گا، لیکن باہمی تعاون اور یکجہتی کے ذریعے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ خطاب کے دوران انہوں نے اپنے والد کی نصیحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی خوشی اور غمی میں شریک ہونا ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے، جسے انہوں نے ہمیشہ نبھایا اور اپنی آئندہ نسل کو بھی یہی سبق دیا۔ انہوں نے بینظیر بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت اور زیرک سیاستدان قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلا انتخاب ضلع لودھراں سے جیتا جبکہ بعد ازاں ملتان سے الیکشن لڑا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کامیابی کا اصل راز عوام اور ورکرز سے مضبوط تعلق ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے ساتھ 1988 سے وابستہ کارکنوں کی نئی نسل آج بھی اسی جذبے کے ساتھ موجود ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔








