اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے 86 ویں یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، جو ہمیں اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور میں پیش کی جانے والی قراردادِ …
یوم پاکستان ہمیں اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے،عاطف اکرام شیخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے 86 ویں یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، جو ہمیں اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور میں پیش کی جانے والی قراردادِ پاکستان نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے اکابرین کی بے مثال قربانیاں اور لازوال جدوجہد شامل ہے، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یومِ پاکستان اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم بانیانِ پاکستان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے موجودہ عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث خطہ نازک حالات سے گزر رہا ہے، تاہم ان چیلنجز کے باوجود پاکستان میں بے پناہ معاشی صلاحیت موجود ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی کے مطابق صنعتی اور تجارتی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اگر ان شعبوں کو مزید مضبوط کیا جائے تو پاکستان ایک مستحکم معیشت بن سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں جدید تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اندرونی استحکام اور قومی یکجہتی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مضبوط معاشی طاقت کے طور پر ابھر سکے۔عاطف اکرام شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر بزنس کمیونٹی حکومت کے شانہ بشانہ ملک کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔








