مشرق وسطیٰ کے بحران میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی مصروفیت اقوام عالم میں اس کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور قد کی عکاسی کرتی ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی مصروفیت اقوام عالم میں اس کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور قد کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان مسلم ممالک میں تحمل اور اتحاد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم …

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی مصروفیت اقوام عالم میں اس کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور قد کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان مسلم ممالک میں تحمل اور اتحاد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بات چیت علاقائی امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں راہنمائوں کے درمیان’’پرتپاک اور خوشگوار‘‘ تبادلہ خیال نے پاکستان کی تعمیری سوچ اور سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی مشترکہ امن کوششیں قابل ستائش ہیں اور خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر عرب اور اسلامی ممالک بالخصوص سعودی عرب کی جانب سے مثبت ردعمل کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے جارحانہ ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے دانشمندی اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحمل ایک مثبت اور قابل ستائش قدم ہے جو پاکستان کی قیادت کی رہنمائی اور سفارتی مصروفیات کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستان کے وسیع تر سفارتی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے وزیر اعظم کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت، سفارت کاری اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے خطے میں وسیع تر تنازعات کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔طاہر محمود اشرفی نے دفتر خارجہ کے موقف کا بھی حوالہ دیا کہ اسلام آباد تمام فریقین کی رضامندی کی صورت میں مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پاکستان مسلم دنیا میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اصولی موقف اور متوازن سفارت کاری نے عالمی سطح پر امن اور اتحاد کے لیے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔