کل جمعۃ المبارک یوم استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گا،مولا نا طاہر محمود اشرفی
کل جمعۃ المبارک یوم استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گا،مولا نا طاہر محمود اشرفی

مزید خبریں
لاہور۔26مارچ (اے پی پی): چیئرمین پاکستان علما کونسل،کوارڈینٹر قومی پیغام پاکستان امن کمیٹی مولا نا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ علما اور عوام پاکستان کے استحکام کیلئے متحد ہیں۔کل جمعۃ المبارک یوم استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گا،بیرونِ ملک بیٹھے کچھ عناصر پاکستان کے خلاف ناکا م پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں قومی مرکز شاہ جمال میں شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کنونشن سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس وقت اللہ تعالی ٰنے پاکستان کو جو مقام دیا ہے ،میں نے اپنی زندگی میں خارجہ محاذ پر یہ منظر نہیں دیکھا،ایران کی سڑکوں پر آج تشکر تشکر کی بات ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سب اکٹھے ہیں اور مل کر بیٹھے ہوئے ہیں،یہی اتحاد امت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ،سعودی عرب اورعمان سمیت دیگر ممالک پاکستان کی بات سن رہے ہیں جبکہ امریکہ اور دیگر ممالک پاکستان سے بات کر رہے ہیں،دنیا میں یہ ہمارے ملک کا کردار ہے،یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج قوم متحد اور ہم آہنگ ہے،ملی یکجہتی کونسل نے اس ملک کو امن و استحکام دیا۔انھوں نے کہا کہ دشمن نے سکول میں کھیلتی معصوم بچیوں پر میزائل مار کر ہمیں گہرا زخم لگا یا اور معصوم بچیوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنائی عالم اسلام کے قائدین میں سے ایک تھے جن سے سب محبت کرتے تھے،میں خامنائی کو شہید سمجھتا ہوں۔طا ہر اشرفی نے کہا کہ آج ایران اور عرب ممالک کے درمیان تصادم اور شیعہ سنی تنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہمیں سمجھ آتی ہے کہ کون ہمیں آپس میں دشمن بنانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی آرمی کا ترجمان کہتا ہے کہ اہلسنت تم ایران کی مدد کیوں کر رہے ہو،ہم دشمن پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ گریٹر اسرائیل کا دروازہ کبھی نہیں کھلے گا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کی کوشش ہے کہ عرب دنیا اور ایران کے درمیان تصادم پیدا کیا جائے،پاکستان میں الحمدللہ ایسی سازشیں ناکام ہو چکی ہیں،یہاں تمام مکاتب فکر کے علما ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اتحاد کا پیغام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم توحید،ختمِ نبوت ،اہلِ بیت اور پاکستان کی سلامتی کیلئے ایک ہیں،موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔یہ جنگ کسی ایک ملک کی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی ہے اور فلسطین کی کامیابی بھی اسی اتحاد سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کیخلاف کسی بھی اقدام کا ہم سب ملکر مقابلہ کریں گے،اسلامی دنیا کو آپس میں ٹکرانے سے بچانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے،کچھ عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ایسے عناصر ماضی میں بھی مسلم ممالک کو بلیک میل کرنے کیلئے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
ایسے لوگوں کو چاہیے کہ وہ وطن کے خلاف نہیں بلکہ اس کے حق میں کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علما اور عوام پاکستان کے استحکام کے لیے متحد ہیں،ہم حکومت اور قیادت کو یقین دلاتے ہیں کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں اتحاد،استحکام اور آگاہی کی اشد ضرورت ہے،کل جمعہ یوم استحکام پاکستان کے طور پرمنایا جائے گا،جس میںعوام کو بتایا جائے گا کہ موجودہ حالات میں اتحاد کیوں ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میںبیرونِ ملک لاکھوں پاکستانی بھی متاثر ہو سکتے ہیں،استحکام پاکستان ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی ضرورت ہے،استحکام پاکستان ہی عالم اسلام کے تحفظ میں بہتر کردار ادا کر سکتا ہے۔استحکام پاکستان کانفرنس سے علامہ اشتیاق حسین کاظمی،علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری، حافظ اسعد عبید سمیت دیگر علما ئے قائدین نے بھی خطا ب کیا۔








