نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے آئی جی سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر زائد کرائے اور اوور لوڈنگ کے خلاف جاری مہم میں مزید اہم پیش رفت کی ہے۔
موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، مسافروں کو 74 لاکھ روپے سے زائد کا اضافی کرایہ واپس دلوا دیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے آئی جی سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر زائد کرائے اور اوور لوڈنگ کے خلاف جاری مہم میں مزید اہم پیش رفت کی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق 15 مارچ سے جاری اس خصوصی مہم کے دوران اب تک مسافروں سے غیر قانونی طور پر وصول کیا گیا 74 لاکھ روپےسے زائد کا اضافی کرایہ موقع پر واپس کروا دیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کرایوں کی واپسی کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے چالان کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر 12 مارچ سے نافذ کی گئی نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر اب تک 58 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔ موٹروے پولیس کے افسران ملک بھر کے ٹول پلازوں پر موجود رہ کر مسافروں اور ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی اور نئی حد رفتار کے بارے میں مسلسل آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ سفر کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا اضافی کرائے کی صورت میں براہ راست ہیلپ لائن 130 پر کال کریں۔








