زلفی بخاری اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
زلفی بخاری اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ زلفی بخاری اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں ایک واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں، سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے قومی مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی بیانیہ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عارف اجاکیہ جیسے متنازعہ اور پاکستان مخالف بیانیہ رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کسی عام سیاسی عمل کا حصہ نہیں، یہ ملاقاتیں ایک سوچے سمجھے بیانیے کا تسلسل محسوس ہوتی ہیں، کچھ عناصر عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف فضا بنانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی حرکتوں سے یہ صرف اپنی سیاست کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اس وقت ملک کو اتحاد، استحکام اور ذمہ دار قیادت کی ضرورت ہے، اس صورتحال میں ایسے اقدامات قومی بیانیے کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں، یہ وہی سیاست ہے جس کا دعویٰ ’’تبدیلی‘‘ کے نام پر کیا گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ یا یہ ایک ایسا طرزِ عمل ہے جہاں قومی وقار کو نقصان پہنچا کر اقتدار کے حصول کے لئے ہر حد پار کی جا سکتی ہے؟ پاکستان کے عوام یہ بات بخوبی سمجھتے ہیں کہ کون ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کون اپنے مفادات کا تحفظ کررہا ہے۔








