کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ،سینئر رہنما عبد الاحد پرا کی والدہ کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ،سینئر رہنما عبد الاحد پرا کی والدہ کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ کے سینئر رہنما عبد الاحد پرا کی والدہ کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی۔ مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہونے والی اس دعائیہ نشست کی صدارت کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کی جبکہ حریت قیادت کے معزز اراکین اور دیگر افراد نے بھی شرکت کر کے سوگوار خاندان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا ایسا صدمہ ہے جس کا مداوا ممکن نہیں۔ انہوں نے عبد الاحد پرا اور ان کے اہلِخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان محض ایک خاندان کا نہیں بلکہ پوری تحریک آزادی کشمیر کے لئے سانحہ ہے۔

حریت قیادت نے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تقریب میں مرحومہ کے ایصالِ ثواب، بلندی درجات، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور کامل مغفرت کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر، شیخ عبد المتین، دائود خان، حاجی محمد سلطان، جاوید جہانگیر، زاہد صفی، امتیاز وانی، عدیل مشتاق، سید گلشن، ظہور صوفی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔